
خیبر پختونخوامیں سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹنگ آج ہوگی، 11 نشستوں کیلئے 25 امیدوار میدان میں
Editor arshad mahmooad ghumman
کے پی سے جنرل نشستوں پر حکومت کے 4 اور اپوزیشن کے 3 امیدوار مقابلے میں ہیں جبکہ خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر حکومت اور اپوزیشن کے 2، 2 امیدوار نامزد ہیں۔
پی ٹی آئی نے جنرل نشستوں کے لیے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی، نورالحق قادری کو نامزد کیا ہے جبکہ روبینہ ناز، اعظم سواتی بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں میں شامل ہیں۔ اپوزیشن کی جنرل نشستوں پر ن لیگ سے نیاز احمد، پیپلز پارٹی سے طلحہ محمود، جے یو آئی سے عطاء الحق امیدوار ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد اور جے یو آئی کے دلاور خان بھی میدان میں ہیں۔کے پی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن کو 53 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جنرل نشست کیلئے 19، خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشست کیلئے 49 ووٹ درکار ہیں۔اپوزیشن کو تیسری جنرل نشست جیتنے کیلئے 4 ووٹوں کی ضرورت ہو گی، 5 ناراض اراکین میں سے 4 کے دستبردار ہونے کے بعد جنرل نشست پر خرم ذیشان میدان میں ہیں۔
دوسری جانب پنجاب سے سینیٹ کی خالی نشست پرضمنی الیکشن آج ہو رہی ہے جس کے لیے پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن مقرر کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمشنر پنجاب ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دیں گے، 371 کے ایوان میں سے 369 ارکان ووٹ ڈالنےکے اہل ہیں۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر کی وفات کے بعد خالی نشست پر مسلم لیگ ن کے حافظ عبدالکریم امیدوار ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مہر عبدالستار امیدوار ہیں، 2 آزاد امیدوارخدیجہ صدیقی اور اعجاز حسین بھی میدان میں ہیں۔