جی اوآر ون میں 19 کنال اراضی کی پرائیویٹ افراد کے حق میں ڈگری جاری کرنے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور( ٹی این آئی)ایڈیشنل سیشن جج لاہورکی جانب سے جی اوآر ون میں 19 کنال اراضی کی پرائیویٹ افراد کے حق میں ڈگری کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ،
جسٹس شاہد وحید نے سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس دوسرے بنچ میں منتقل کرنے کے لئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد وحید نے پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت کی ۔سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس پیش ہوئے۔ مسٹر جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ وہ اس کیس کو ذاتی وجوہات پر نہیں سننا چاہتے۔جسٹس شاہد وحید نے کیس کسی دوسری عدالت میں سماعت کیلئے بھجوانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو بھجوادی ۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جی او آر ون 22 ایکمن روڈ پر 19 کنال اراضی کی ملکیت بارے چودھری عبدالغفور نے سول کورٹ میں دعوی کیا۔ سول جج نے چودھری عبدالغفور کا دعوی خارج کردیا ۔ پنجاب حکومت کی ایڈیشنل سیشن جج لاہور نے چودھری عبدالغفور کی اپیل منظور کرکے دعوی ڈگری جاری کردیا ۔ایڈیشنل سیشن جج نے 19کنال اراضی عبدالغفور کی ملکیت قرار دینے بارے ڈگری کی ۔پنجاب حکومت کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ایڈیشنل سیشن جج کا چودھری عبدالغفور کے حق میں اراضی ڈگری کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی حکم تک ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے پر عمل درآمد روکا جائے ۔