
لاہور(ٹی این آئی)وزیر بلدیات کی 200 منتخب دیہات میں میونسپل خدمات کا کام تیز کرنے کی ہدایت دیہی میونسپل خدمات کی فراہمی 2048 تک آبادی کی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے پلان کی گئی
ٹھیکے بذریعہ ’ای ٹینڈرنگ‘ جاری کئے جائیں، ذیشان رفیق کا پی آر ایم ایس سی کے دورے میں خطاب
وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ورلڈ بنک کے تعاون سے سولہ تحصیلوں کے 200 منتخب دیہات میں میونسپل خدمات فراہم کرنے کا کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں معیاری سہولیات سے وہاں معیار زندگی بہتر ہوگا۔ پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی (پی آر ایم ایس سی) کے دورے کے موقع پر انہوں نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ دیہی میونسپل خدمات کی فراہمی 2048 تک متوقع آبادی کی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے پلان کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 200 دیہات میں صاف پانی، سینی ٹیشن سمیت دیگر ماڈل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر پی آر ایم ایس سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسداللہ نے صوبائی وزیر کو کمپنی کے امور اور مستقبل کی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے بذریعہ ’ای ٹینڈرنگ‘ جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ای ٹینڈرنگ‘ کے ذریعے جہاں ایک طرف منصوبوں میں شفافیت آئے گی وہاں سٹیک اونرز کو بھی سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی ترقی پروگرام کے تحت ٹیوب ویلوں اور دیگر مشینری کی سولرائزیشن بھی کی جائے گی۔ اس عمل سے بجلی کے استعمال اور یوٹیلٹی بلوں میں کمی آئے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کے تحت سینی ٹیشن کا پانی ٹریٹ کر کے فصلوں کو لگایا جائے گا۔ اسی طرح مقامی کوڑا کرکٹ کی پہلی تفریق ہوگی پھر اسے سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے پی آر ایم ایس سی کو تحصیل سطح پر کوڑے کی تفریق کے پوائنٹ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ ہدایت بھی کی کہ سالڈویسٹ کی فی کس شرح کے تعین کے لئے متعلقہ دیہات میں سروے کرایا جائے۔ انہوں نے پروگرام کی خوبیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے درخواست کرونگا۔
