
اسلام آباد (ٹی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس۔ اجلاس کی صدارت پارلیمانی لیڈر زرتاج گل نے کی۔ اجلاس میں پارلیمانی لیڈر نے سنگجانی جلسے کی کامیابی پر تمام ارکان اور ملک بھر کے کارکنان کو مبارکباد پیش کی اور انتظامیہ کی طرف سے رکاوٹوں کی پرزور مذمت کی۔ قائدین نے کہا کہ انتظامیہ کی تمام طر رکاٹوں کے باجود اتنی بڑی تعداد میں بانی چئیرمین عمران خان کی رہائی کے لیے نکلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام بانی چئیرمین پر جھوٹے مقدمات کو مسترد کرتی ہے اور اپنے لیڈر کو جلد سے جلد اپنے درمیان دیکھنا چاہتے ہیں۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران پارٹی کے چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر نے اپوزیشن لیڈر عمرایوب خان کی بطور سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف خدمات کو سراہا اور کہا کہ جن نامساعد حالات اور مشکل وقت میں عمر ایوب خان نے پارٹی کے ورکرز اور پارٹی کی قیادت کی اس کی مثال نہیں ملتی۔ پارلیمانی پارٹی نے عمر ایوب خان کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ میں بانی چئیرمین اور پوری پارٹی کی قیادت اور پارٹی کے کارکنان کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ بہت قابل انسان ہیں میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں امید ہے وہ پارٹی کو آگے لے جانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ مجھ پر لاتعداد ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور میں ضمانت پر ہوں۔ جدوجہد کے سفر میں سختیاں آئیں مشکلات آئی اب تبدیلی ضروری تھی
انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی سے پارٹی آگے جائے گی اور اچھے اثرات مرتب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول اور سب سے بڑی جماعت ہے اور ہمیں مزید منظم ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے محبوب قائد کی رہائی کے لیے ایک منظم تحریک چلا سکیں۔ اپوزیشن لیڈر نے اسلام آباد کے جلسہ کی کامیابی پر تمام ایم این ایز، ایم پی ایز، تنظیموں اور ورکرز کو مبارکباد دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چئیرمین بیرسٹر گوہر نے عمر ایوب خان کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمر ایوب خان نے ہمیشہ ہر معاملے پر میری راہنمائی کی۔ انہوں نے پوری قوم کو کامیاب جلسے پر مبارکباد دیتے ہوئے جلسہ منتظمین بلال اعجاز اور ان کی ٹیم کو بھی مبارکباد دی۔