
پاکستان عظیم عطیہ خداوندی ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے غیر متزلزل اور انتھک محنت سے مسلمانان ہند کو ناصرف انگریز سامراج سے نجات دلائی،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ
Chief Editor Arshad Mahmood Ghumman
سیالکوٹ (ٹی این آئی)ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم عطیہ خداوندی ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے غیر متزلزل اور انتھک محنت سے مسلمانان ہند کو ناصرف انگریز سامراج سے نجات دلائی اور دنیا کی پہلی نظریاتی ریاست پاکستان کی بنیاد رکھی اور اقبال کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔
یہ بات انہوں نے آج گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے منیم الدین آڈیٹوریم میں بیاد قائد اعظم محمد علی جناح سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر جی سی ڈبلیو یونیورسٹی ڈاکٹر شازیہ بشیر کے علاؤہ اساتذہ اور طالبات کثیر تعداد میں موجود تھیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ قائد کی زندگی اور ان کا نصب العین نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہونا چاہئے ، جناح شناسی کیلئے طالب علموں کو تحقیق کرنی چاہئے جس سے وہ جان سکیں گے مشکل ترین حالات میں اصولوں پر سمجھوتہ کئے بغیر آگے کیسے بڑھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ناصرف اپنے دور کے عظیم قانون دان اور سیاست دان تھے بلکہ وہ آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے تھے۔پاکستان کے قیام کا واحد مقصد ایک ایسی آزاد اسلامی ریاست تھی جہاں پر اسلام کے سنہرے قوانین کا عملی نفاذ کیا جاسکے ۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ قائد کے فرمان ایمان ،اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر عمل پیرا ہوکر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اسٹوڈنٹس کو قائد اور اقبال شناسی کی جانب راغب کریں جس سے ان کا قومی ہیروز سے ایک روحانی تعلق قائم ہوگا اور ان کی شخصیت میں نکھار آئے گا اور ایک نصب العین کے تحت اپنی زندگی بسر کرسکے گے۔