
لاہور (ٹی این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نئی اسمبلی بلڈنگ میں جدید سہولیات سے آراستہ میڈیا ہال کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میڈیا ہال کے قیام کا مقصد صحافی برادری کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔
افتتاحی تقریب میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے پہلی سی پی اے کانفرنس کے حوالے سے ایجنڈا جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں 7 اور 8 فروری کو پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سی پی اے کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں سموگ، دہشت گردی، امن، اور خطے کے دیگر اہم معاملات پر گفتگو ہوگی۔پنجاب اسمبلی میں پہلی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا ریجنل سی پی اے کانفرنس سے عالمی پارلیمانی تعاون کی نئی راہ ہموارہوگی۔یہ کانفرنس پاکستان کے پارلیمانی تشخص اور عالمی پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کا سنہری موقع ہے۔سی پی اے کانفرنس کا انعقاد نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔اس بین الاقوامی ایونٹ میں 20 ممالک کی 100 سے زائد پارلیمانی شخصیات شرکت کریں گی، جن میں 13سپیکرز، 4 ڈپٹی سپیکرز اور ایک چیئرمین شامل ہوں گے۔۔پنجاب اسمبلی کے تاریخی ایوان میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے ایجنڈے میں پارلیمانی جمہوریت، شفاف قانون سازی اور احتساب کے موضوعات شامل ہوں گے۔اس کانفرنس میں سری لنکا، مالدیپ، برطانیہ، زیمبیا، ملائیشیا اور دیگر ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہم نے عوام کے لیے اسمبلی کو کھولا ہے اور سہولتوں میں اضافہ کیا ہے۔
میڈیا ہال کی تعمیر اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ صحافیوں کو آرام دہ اور موزوں ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے آزادی صحافت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا احترام ضروری ہے، تاہم ریاستی وقار اور اداروں کی عزت کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب کے ماحولیاتی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور آلودگی کے شدید بحران سے گزر رہا ہے اور اس کے حل کے لیے حکومت نے دس ارب روپے مختص کیے ہیں۔ ہم عالمی ماڈلز جیسے چین اور لاس اینجلس کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔تقریب میں صدر پریس کلب لاہور ارشد انصاری خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک محمد احمد خان نے صحافیوں کے دیرینہ مطالبے کو پورا کیا ہے اور ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے، تقریب میں معزز اراکین اسمبلی ذکیہ شاہنواز، سارہ احمد، احمد خان لغاری، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، صدر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی خواجہ نصیر احمد، عدنان شیخ اور دیگر معززین بھی شریک تھے۔ بعدازاں سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میڈیا ہال آپ سب کے لیے ہے، یہ آپ کا اپنا گھر ہے، اور امید ہے کہ یہاں سے مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ ملے گا۔