
بسوں کی چھتوں پر مسافروں کی نقل و حمل پرپابندی، سختی عملدرآمد کروایا جائے، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ
Editor Arshad Mahmood Ghumman
سیالکوٹ (ٹی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی (ARC) کا مشترکہ اجلاس ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت آج کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز (ویڈیو لنک کے ذریعے)، سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے سختی سے ہدایت کی کہ ضلع سیالکوٹ کی حدود میں عوامی گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کی نقل و حمل پر فوری پابندی عائد کی جائے، اور اس حکم کی خلاف ورزی پر کوئی نرمی نہ برتی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری آر ٹی اے، ڈی ایس پی ٹریفک اور ڈی ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کو خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں اور جنرل بس اسٹینڈ پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ پبلک سروس وہیکلز کی نگرانی کی جا سکے۔
خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں فوری طور پر قبضے میں لی جائیں گی، جبکہ ڈرائیوروں کے روٹ پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کیے جائیں گے۔
تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ ڈی ایس پیز کے ساتھ اپنے علاقوں میں ان احکامات پر عمل درآمد کے لیے جامع منصوبہ بندی کریں۔
سیکرٹری آر ٹی اے اور موٹر وہیکل ایگزیمنر کو بھی مرکزی شاہراہوں پر موجود رہ کر چھتوں پر سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارروائیوں کی رپورٹ شیئر کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "عوام کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔