
لاہور(ارشدمحمودگھمن،ٹی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور گڈگورننس کے اہداف کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے بجٹ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر ملک محمد احمد خان کو مبارکباد پیش کی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے عوامی فلاحی بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ بجٹ 26-2025 میں تعلیم، صحت اور ڈویلپمنٹ کیلئے سب سے زیادہ فنڈز مختص کرنے کا ریکارڈ قائم کیا گیا، عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور گڈگورننس کے اہداف کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)عوام کی جماعت ہے، صوبے بھر میں یکساں ترقیاتی کام کر رہے ہیں، طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ دے کر احسان نہیں حق ادا کر رہے ہیں، میری پوری توجہ عوام کی فلاح و بہبود پر ہے، ایک سال میں عوام کی بھرپور خدمت کی بہترین کاوش کی ہے، اس سال بھی کوشش جاری رہے گی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے ٹیکس فری بجٹ دے کر پنجاب کے عوام کے دل جیت لئے، مریم نواز شریف نے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور عوامی فلاحی اقدامات کے لئے قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی روایت کو عمدگی سے آگے بڑھایا ہے۔