
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے میجر رضوان طاہر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت
وزیرِ داخلہ نے شہید کے والد کرنل ریٹائرڈ محمد طاہر، والدہ اور بھائی میجر عثمان طاہر سے ملاقات کی اورشہید میجر رضوان طاہر کے والدین اور بھائی میجر عثمان طاہر سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کی
سلام آباد (ٹی این آئی) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے میجر رضوان طاہر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیرِ داخلہ نے شہید کے والد کرنل ریٹائرڈ محمد طاہر، والدہ اور بھائی میجر عثمان طاہر سے ملاقات کی اورشہید میجر رضوان طاہر کے والدین اور بھائی میجر عثمان طاہر سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید میجر رضوان طاہر کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
محسن نقوی نے اہل خانہ کے بلند حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ شہید بیٹے کے باہمت اور بلند حوصلہ والدین ہیں۔ آپ کا یہ حوصلہ اور عزم ہی قوم کی طاقت ہے، آپ کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میجر رضوان طاہر نے جرات اور بہادری سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ملک کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی لازوال قربانیوں کی قوم ہمیشہ مقروض رہے گی۔
والد شہید میجر رضوان طاہر نے کہاکہ بیٹے نے کئی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو لیڈ کیا اور متعدد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ میجر رضوان طاہر چند روز قبل مستونگ میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہو گئے تھے-