اہم خبریں

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کو قومی ریلیف اسٹاک کے 3 ٹرک فراہم کردیے

پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے 585 ٹن راشن عطیہ کیا جبکہ  وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے ذریعے باجوڑ کو 800 کلو سے زیادہ ادویات فراہم کی گئیں

اسلام آباد(ٹی این آئی)نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کو قومی ریلیف اسٹاک کے 3 ٹرک فراہم کردیے۔این ڈی ایم اے کے مطابق پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے 585 ٹن راشن عطیہ کیا جبکہ  وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے ذریعے باجوڑ کو 800 کلو سے زیادہ ادویات فراہم کی گئیں۔این ڈی ایم اےکےمطابق بونیر کو  ایک لاکھ9 ہزار  515  امدادی اشیا فراہم کی گئیں جبکہ این جی او نے 2 ہزار  ترپالیں،  330 خیمے اور 6 ٹن خشک راشن تقسیم کیا۔این ڈی ایم اے نے بتایاکہ یہ امداد سوات، بونیر، شانگلہ اور  باجوڑ میں دی گئی اور  متاثرہ علاقوں میں بھجوانےکے لیے اس سے دگنا امدادی سامان پیکنگ کے مراحل میں ہے۔

                   

دوسری جانب وفاقی حکومت  نے  خیبرپختونخوا میں سیلاب کے باعث مخلتف حادثات میں جاں بحق  افرادکےگھر والوں کے لیے 20-20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔یہ اعلان مانسہرہ میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی جانب سے کیا گیا، انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر یہاں پہنچے ہیں، غم کی گھڑی میں متاثرین کےساتھ ہیں اور  اس سلسلے میں بھرپورتعاون  جاری رہے گا۔یاد رہےکہ خیبرپختونخوا میں  بارشوں، سیلاب، لینڈسلائیڈنگ اور  آسمانی بجلی گرنے سے 328  افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

بونیر میں مکینوں کے آشیانے اجڑ گئے، ہرطرف ملبے اور  سیلابی ریلے میں بہہ کر آنے والے بڑے بڑے پتھروں کے ڈھیر ہیں، متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور  مقامی رضاکاروں کی امدادی کارروائیاں جاری ہے۔

سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، دیر اور بٹگرام میں 31 اگست تک ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button