
وفاق کی جانب سے کے پی کے متاثرہ اضلاع میں مدد پہنچائی جارہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات
27 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے کوئی بھی مسودہ یا تجاویز زیرغور نہیں ہے۔عطا تارڑ
اسلام آباد(ٹی این آئی)وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہےکہ وفاق کی جانب سے کے پی کے مختلف متاثرہ اضلاع میں مدد پہنچائی جارہی ہے لیکن کچھ صوبائی وزرا کے بیانات افسوسناک ہیں۔ نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ27 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے کوئی بھی مسودہ یا تجاویز زیرغور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ہر یوڈیو اشتہار میں بانی پاکستان اور علامہ اقبال کی تصویر تھی صرف ایک اخباری اشتہار پر سیاست کھیلی گئی، کے پی حکومت نے خود اپنی مہم میں جناح اور اقبال کی تصویر نہیں دکھائی مگر ہم نے سیاست نہیں کی۔
خیبر پختونخوا میں سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے کے پی کے مختلف متاثرہ اضلاع میں مدد پہنچائی جارہی ہے، صوبے میں اموات قومی سانحہ ہے تاہم کچھ صوبائی وزرا کے بیانات افسوسناک ہیں، بیرسٹر سیف فیلڈ میں جا کر وفاق کی سپورٹ دیکھیں۔
خیال رہے کہ حالیہ بارشوں، بادل پھٹنے کے واقعات اور سیلابی ریلوں کے باعث اب تک خیبر پختونخوا میں 328 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔