
کراچی(ٹی این آئی) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے مہنگائی کو بہترین طریقے سے قابو کیا اور آئندہ چند سالوں میں حالات مزید بہتر ہوں گے۔کراچی میں جاب فیئر میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ جاب فیئر کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے، یہاں سرکاری اور نجی اداروں موجود ہیں، جاب فیئر سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا، عملی زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، نوجوان محنت کو اپناشعار بنائیں، نوجوان اپنی صلاحتیوں کو بہتر انداز میں بروئے کارلائیں۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کا کام ماحول فراہم کرنا ہے، پائیدار ترقی کے ہدف کے حصول کے لیے ہم سب کومک مل کر کام کرنا ہے، کارپوریٹ سیکٹر آگے آئے۔ وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ مائیکرو استحکام سے گنجائش پیدا ہورہی ہے، اسٹیٹ بینک نے مہنگائی کو بہترین طریقے سے قابو کیا، آئندہ چند سالوں میں حالات مزید بہتر ہوں گے، تین ایجنسیوں نے پہلی بار مل کر پاکستان پر اعتماد کیا۔