
لاہور(ٹی این آئی)دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث قصور شہر خطرے میں آگیا۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب بلند ترین سطح پرپہنچ گیا۔این ڈی ایم اے نے بتایاکہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بہاؤ 3لاکھ 85 ہزارکیوسک سے تجاوز کرگیا اور اس مقام پر پانی کا بہاؤ پچھلی 3 دہائیوں میں بلند ترین سطح پر ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ طور پر سیلابی ریلے کا بہاؤ مزید بڑھ سکتا ہے جس سے قصور اور ملحقہ علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ اس وقت قصور کو بچانے کا چیلنج درپیش ہے اور دریائے ستلج کے آر آر ای بند میں شگاف ڈالنا ہماری مجبوری ہے، قصور ستلج سے 1955کے بعد اتنا زیادہ پانی گزر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ شاہدرہ پر خطرہ کافی حد تک کم ہوگیا ہے اور لاہور اب مکمل طور پر محفوظ ہے۔