
لاہور(ٹی این آئی)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں غزہ اور ایران کے مسلمانوں کو دعا میں یاد رکھنا چاہیے اور قیادت کے لیے دعا کرنی چاہیے کہ وہ ملک کے لیے کام کرے اور ان کی عمر دراز ہو۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے گجرات میں میڈیا سے گفتگو کے دوران گزشتہ انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد شامل رہی اور اگر اللہ کو منظور ہوا تو دھاندلی کی کسر بھی نکل جائے گی، انہوں نے تجربے کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ان کی باتوں کو سنا اور عمل کیا۔
سابق وزیراعلیٰ نے ن لیگ کے بارے میں کہا کہ بعض اوقات جب وہ آتے ہیں تو عوامی وسائل نکال لیتے ہیں، لیکن اس بار جو تیل موجود تھا وہ بھی نکال دیا گیا۔ انہوں نے عوامی شعور اور قربانیوں کی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے جنہوں نے قربانیاں دی ہیں، ہمیں ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے، گجرات ضلع کو شہداء کی دھرتی قرار دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ ضلع تین نشان حیدر کے حاملین کا ہے۔
