اہم خبریںپاکستان

ملک بھر میں گیس کا بحران بڑھنے کی وجہ سے نئے گھریلو گیس کنکشنز روک دئیے گئے

آر ایل این جی سپلائی رکنے سے عارضی طور پر نئے کنکشن روکے گئے ہیں۔سینئر جنرل مینجر

لاہور(ٹی این آئی)ملک بھر میں گیس کا بحران بڑھنے لگا ہے  جبکہ آر ایل این جی سپلائی متاثر ہونے سے نئے گھریلو گیس کنکشنز روک دئیے گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع  کا کہنا ہے کہ پہلے سے دی گئی درخواستوں پر عملدرآمد ملتوی کردیا گیا، جبکہ ارجنٹ واوچر اور ڈیمانڈ نوٹس جمع کروانے والوں کے کنکشن کا عمل بھی روک دیا گیا ہے، یہ پابندی عائد ہونے سے ہزاروں نیو کنکشنز التوا کا شکار ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ کئی سال کی پابندی کے بعد چند ماہ قبل ہی نئے کنکشنز دینے کا عمل شروع کیا گیا تھا، جبکہ گیس بحران پیدا ہونے سے قبل سینکڑوں نئے کنکشنز لگائے جا چکے ہیں۔

حکام کے مطابق گیس کی کمی کے باعث ملک بھر میں پہلے ہی گیس صارفین کو محدود وقت کے لیے گیس دی جا رہی ہے۔

سینئر جنرل مینجر سوئی ناردرن عمران یوسف کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی سپلائی رکنے سے عارضی طور پر نئے کنکشن روکے گئے ہیں ، تاہم گیس سپلائی بہتر ہوتے ہی کنکشنز لگانے کا عمل فوری شروع کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں حالیہ فیصلہ سی این جی سیکٹر سے گیس کی فراہمی روک کر اسے پاور سیکٹر کو منتقل کرنا شامل ہے۔

گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت گھریلو صارفین کو بھی کسی حد تک ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اس منصوبے کے مطابق گھریلو صارفین کو کھانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام کو روزمرہ ضروریات میں کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button