
اسلام آباد(ٹی این آئی) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا ۔
قیمتوں میں اس اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ اور اشیائےکی قیمتیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان اوگرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پرپیٹرولیم ڈیلرزکی مبینہ ہڑتال سے متعلق جعلی خبریں گردش کررہی ہیں، کسی بھی پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے کسی قسم کی ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ یکم مئی سے پیٹرول پمپس کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ ایران کے خلاف مزید جنگی کارروائیوں پر غور ، ناکہ بندی اور آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش کے باعث عالمی سطح پر تیل قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور آج تیل کی قیمتیں 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔تاہم اب عالمی مارکیٹ میں مسلسل اضافے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 124ڈالر سے کم ہوکر 114ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 110 ڈالر فی بیرل سے 104ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
