
لاہور(ٹی این آئی)آئی جی پنجاب عبدالکریم کی پی ایس ایل الیون کا پرامن انعقاد یقینی بنانے پر لاہور پولیس کو شاباش
فائنل جیتنے پر پشاور زلمی کو مبارکباد، بہترین سکیورٹی انتظامات پر لاہور پولیس اور متعلقہ اداروں کو خراجِ تحسین
پنجاب پولیس نے کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی۔ آئی جی پنجاب
لاہور 04 مئی: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے پی ایس ایل 11 (2026ء) کا فائنل جیتنے پر پشاور زلمی کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ تمام ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پی ایس ایل 11 کا کامیاب اور پرامن انعقاد یقینی بنانے پر لاہور پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کے بہترین انتظامات سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او، ایس پی سکیورٹی لاہور سمیت تمام افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پی ایس ایل 11 کے دوران سکیورٹی انتظامات میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس اور پنجاب پولیس کے دیگر تمام یونٹس نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس نے دن رات محنت کرتے ہوئے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ماضی کی طرح مستقبل میں بھی قومی و بین الاقوامی ایونٹس کو بہترین سکیورٹی فراہم کرتی رہے گی۔ آئی جی پنجاب نے پی ایس ایل 11 کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے میں شہریوں اور میڈیا کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
