
لاہور(ٹی این آئی) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت مری ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تعمیراتی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری، نیسپاک کے نمائندگان، چیف انجینئر ہائی ویز و بلڈنگز جبکہ ایکسیئن مری اور ایس ڈی او نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو مری میں سی اینڈ ڈبلیو کے مکمل ہونے والے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ بوسٹل موڑ، ایکسپریس وے ٹو پتریاٹہ ٹاپ، پارکنگ یارڈ اور سنبھلی ہسپتال کے منصوبے سی اینڈ ڈبلیو مکمل کر چکا ہے جبکہ مری میں پبلک ٹوائلٹس کے کام کو بھی مکمل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی مری کشمیر روڈ پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ جیھکا گلی ری ماڈلنگ منصوبے پر بھی پیش رفت تسلی بخش ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیری بازار کے توسیعی منصوبے پر کام جاری ہے جبکہ بھوربن میں 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ مری میں شاہراہوں سے برف ہٹانے کے لیے مشینری مکمل فعال ہے اور عید کے ایام میں مری آنے والے سیاحوں کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لیے ابھی سے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق مری میں ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی سے مری میں سیاحت کو فروغ مل رہا ہے جبکہ مقامی لوگوں کا معیارِ زندگی بھی بلند ہو رہا ہے
