اہم خبریںپاکستان

معرکہ حق دنیا کے لیے کیس اسٹڈی ہے، پاک فوج نے جذبے اور جنون سے دشمن کو گھٹنوں پر بٹھایا: وزیر اطلاعات پنجاب

وزیر اعلیٰ مریم نواز 10 مئی کو مرکزی تقریب میں شرکت اور شہدائے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کریں گی

لاہور(ٹی این آئی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ‘معرکہ حق’ کی مناسبت سے 8، 9 اور 10 مئی کو صوبے بھر میں بھرپور تقریبات منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سال کامیابی کا سال ہے جس میں پاک فوج نے معرکہ حق کے دوران چند گھنٹوں کے اندر اپنے سے تین گنا بڑی فوج کو گھٹنوں پر آنے پر مجبور کر دیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ پوری دنیا کے لیے ایک کیس اسٹڈی ہے کہ جنگیں صرف ساز و سامان سے نہیں بلکہ جذبے اور جنون سے جیتی جاتی ہیں اور پاکستان کی حفاظت کا جو جذبہ ہماری افواج کے پاس ہے وہ دنیا میں کسی اور کے پاس نہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ شہدائے پاک فوج کو اپنی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ معرکہ حق میں دشمن کی شکست کے دن کو باقاعدہ ایک جشن کی طرح منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں 8 اور 9 مئی کی درمیانی شب لبرٹی گول چکر پر ایک شاندار کنسرٹ منعقد کیا جائے گا جس میں ہزاروں لوگ شرکت کریں گے۔ اس موقع پر قومی ترانے پیش کیے جائیں گے اور پوری دنیا کو دکھایا جائے گا کہ پاکستانی قوم اپنے غازیوں اور شہیدوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ 10 مئی کو ایک بڑی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خود شرکت کریں گی۔ اس تقریب میں پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا اور اس عزم کا اعادہ کیا جائے گا کہ ملک کی سلامتی اور دفاع کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو تا قیامت قائم رکھنا ہے اور پوری قوم اس مقصد کے لیے پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button