
لاہور(ٹی این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف مہم جوئی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ انہوں نے مودی سرکار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”مودی صاحب! آپ نے پاکستان سے مزید کتنی پھینٹی کھانی ہے؟ بہتر ہوگا کہ آپ اپنی توانائی کسی ڈھنگ کے کام پر صرف کریں۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ جب پاکستان نے پانی کے معاملے پر بھارت کو دو ٹوک موقف دیا تو وہ ‘بھیگی بلی’ بن گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے دی گئی سخت دھمکی کے نتیجے میں بھارت نے ‘اچھے بچوں ‘ کی طرح بگلیار ڈیم کے دروازے کھول دیے۔
یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔صوبائی وزیر نے بھارتی جارحیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بھرپور جواب سے بھارت کے ایک سال پرانے زخم اب تک تازہ ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی شرارت کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ سخت مار پڑے گی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بھارت اب حقیقی میدان میں پاکستان کا مقابلہ کرنے کی سکت کھو چکا ہے، اسی لیے وہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان کے خلاف فلمیں بنا کر دل پشوری کر رہا ہے۔
اب پاکستان نے فیصلہ کر لیا ہے کہ بھارت کی کھوکھلی دھمکیوں کو سنجیدہ لینے کے بجائے صرف ‘میمز’ کی حد تک رکھا جائے گا۔خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ جنگیں کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل نہیں ہوتیں۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ جنگ فوری طور پر ختم ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ خطہ مزید جنگوں اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے تمام عالمی طاقتوں کو ہوشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
