لاہور(ٹی این آئی)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ”مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 52 شہروں میں ترقیاتی کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ بیشتر مقامات پر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ وہ پروگرام مینجمنٹ یونٹ آفس گارڈن ٹاؤن میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر کو 52 شہروں میں محکمہ بلدیات کے زیر نگرانی ترقیاتی کام پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پی ڈی پی کے لئے مقررہ ٹائم لائن کا خیال رکھنے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جہاں ضروری ہو وہاں نائٹ شفٹ شروع کی جائے۔ متعلقہ اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور میونسپل آفیسرز (آئی) خود سکیموں کی نگرانی کریں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پی ڈی پی کی بدولت لائننگ پائپ ٹیکنالوجی پاکستان منتقلی ہوچکی ہے اور پیداوار بھی شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے باعث کام میں ممکنہ تعطل کو ذہن نشین رکھ کر آگے بڑھیں۔ مون سُون سے قبل واٹر ٹینکس کی تعمیر مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر شہروں میں واٹر سٹوریج ٹینکس کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ روڈ سائیڈ واٹر ٹینکس بننے سے برساتی پانی کی فوری نکاسی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات نے شفاف ٹینڈرنگ سے پی ڈی پی میں 28 ارب کی بچت کی۔ بچائی گئی رقم پی ڈی پی سکیموں پر ہی لگائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے باعث جدید مشینوں کا فلیٹ fleet بھی مہیا ہو جائے گا۔ ہر شہر میں ڈرین بننے سے اربن فلڈنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ سیوریج اور ڈرین کا منظم سسٹم آنے سے شہریوں کو زبردست ریلیف ملے گا۔ واٹر ٹینکس میں ذخیرہ شدہ پانی کو بوقت ضرورت استعمال بھی کیا جا سکے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ تمام شہروں کیلئے 2050 تک کی جامع ماسٹر پلاننگ کی گئی ہے۔ شہروں میں مربوط انفراسٹرکچر کی فراہمی وزیراعلیٰ مریم نواز کا ویژن ہے
