
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں غذائی تحفظ اور کھاد کے ذخائر کی صورتحال پر اہم اجلاس کی صدارت کی.
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسانوں کو بروقت کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے. وزیرِ اعظم نے مزید ہدایت کی کہ خلیجی ممالک سے کھاد کی سپلائی چین متاثر ہونے کے پیش نظر وسطی ایشیائی ممالک سے کھاد کی متبادل فراہمی کی منصوبہ بندی کی جائے. خریف اور ربیع سیزن کیلئے کھاد کے وافر ذخائر بھی یقینی بنائے جائیں.
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ کھاد کی مقامی پیداوار بڑھانے کیلئے نئے پلانٹ لگانے کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے. غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے زرعی شعبے کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے.
وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو کھاد کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت کی. وزیرِ اعظم نے کہا کہ کھاد کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے.
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے پیش نظر کھاد کی مقامی پیداوار کیلئے کارخانوں کو قدرتی گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے. خریف کی فصلوں کیلئے کھاد کے مناسب ذخائر موجود ہیں.
وفاقی وزراء رانا تنویر حسین ، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی ، معاون خصوصی ہارون اختر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔
