
لاہور(ٹی این آئی)چیئرمین پاکستان علما ء کونسل و کوارڈینیٹر وزیر اعظم و قومی پیغام امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف معرکہ حق ’’بنیان المرصوص ‘‘کی عظیم فتح کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، فتنتہ الہند اورفتنتہ الخوارج کی وحشت و دہشت کے سامنے سر نڈر نہیں کریں گے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں منہاج القران سکر ٹریٹ میں نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام معرکہ حق اتحاد، استحکام و قومی یکجہتی عظیم پیغام ،’’بنیان المرصوص ‘‘کانفرنس سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ جب دشمن نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا تو ہماری قومی قیادت نے اللہ پر توکل کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ہم دشمن کو دن کی روشنی شکست د یں گے تواللہ نے افواج پاکستان کو چند گھنٹوں میں وہ عظیم فتح دی جسے دشمن کبھی بھول نہیں سکے گا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ مودی کہتا تھا کہ اگررافیل ہمیں مل گئے تونقشہ ہی بدل دوںگا ، مگر اللہ کے فضل سے پا ک فوج نے معر کہ حق ’’بنیان المرصوص ‘‘میں دشمن کو دھول چٹا دی ،رافیل والوں کا فیل والوں جیسا حشرکر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مذہبی تعصب اور نفرت پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مگر وہ ہمارے باہمی اتحاد کی وجہ سے کا میاب نہیں ہوسکیں گے۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ جب ماضی میں حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو ڈاکٹر طاہر القادری نے اپناوہ کلیدی کردار ادا کیا جسے کبھی فرا موش نہیں کیا جا سکتا،ڈاکٹر طاہر القادری نے سب سے پہلے خوارجیوں کے خلاف فتوی دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان قاتل خوارج اور دہشت گرد عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،ہم دہشت گردوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی ان کے سا منے سر نڈر کریں گے۔ انہوں نے بنوں، لکی مروت اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علما ئے کرام دہشت گردی، انتہاپسندی اور معصوم شہریوں کے قتل کے خلاف متحد ہیں جبکہ قومی سلامتی کے ادارے دہشت گردوں کے خلاف مسلسل جہاد کررہے ہیں۔طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ بنوں اور لکی مروت میں خون کی ہولی کھیلی گئی ہے جس میں بیس پولیس وا لے شہید ہوئے اس واقعہ کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ علما کرام کو اس لئے نشانہ بنایا جارہاہے کہ وہ امن کی بات کرتے ہیں،ہم دہشت گردوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مولانا سمیع الحق ، سرفراز نعیمی او رمو لا ناشیخ محمد ادریس کو بھی اسی لیے شہید کیاگیا کہ وہ دہشت گردی کے خلااف تھے ۔ کا نفرنس سے خرم نواز گنڈا پور نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ وہ تمام مذاہب اور تمام مسالک کو کھلے دل سے دعوت دیتے ہیں،یہ ادارہ ہم سب کا اپنا گھر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معرکہ حق’’ بنیان المرصوص ‘‘کو ایک سال ہوگیا جس میں پاک فوج اور ائیر فورس نے اہم کردار ادا کیا،ملٹری ہسٹری کی کتاب میں معرکہ حق سنہری حروف میں لکھا جائے گا کیونکہ مغربی اقوام میں پاک فوج کی جدید ٹیکنالوجی کی صلاحیت نے ایک سرپرائز دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام سانحہ بھارتی ایجنسیوں نے خود بنایا اور پھر دہشت گردی کا الزام پاکستان پر لگایا تاکہ پاکستان دنیا میں تنہا ہو جائے، مگر وہ اپنے مشن ناکام ہو گئے۔کا نفرنس سے چیئرمین متحدہ علما کونسل مفتی انتخاب احمد نوری ، ڈاکٹر محمد حسین اکبر سربراہ منہاج الحسین ،مفتی غلام اصغر صدیقی، علامہ توقیر صدیقی، علامہ مفتی زبیر احمد ، مفتی شاہد عبید ، حافظ سعد عبید اشرفی، پرویز اکبر ساقی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
