
لاہور(ٹی این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کابینہ کے حالیہ اجلاس میں عوامی مفاد کے متعدد تاریخی فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہر اجلاس میں عوام کی سہولت اور خوشحالی کو اولین ترجیح دیتی ہیں اور حکومت کے تمام اقدامات کا مرکز عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے اپنی انشورنس کمپنی قائم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کے تحت پنجاب کے سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی انشورنس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جو کہ سماجی تحفظ کے حوالے سے ایک انقلابی قدم ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن کرنے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار کچے کی مستقل ترقی کے لیے 23 ارب روپے کا خطیر فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ مریم نواز نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ ‘اپنا کھیت اپنا روزگار’ سکیم میں کچے کے لوگوں کو ترجیح دی جائے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب کے کسانوں کی خود سرپرست ہیں۔ ‘اپنا کھیت اپنا روزگار’ سکیم کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ہے اور اب تک 2 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 30 ہزار لاٹ کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے مینارٹی کارڈ کے فنڈز میں اضافے کی بھی منظوری دی ہے تاکہ اقلیتی برادری کی بہتر مالی معاونت ہو سکے۔ عظمیٰ بخاری نے زور دے کر کہا کہ پنجاب میں اب صرف منصوبوں کے اعلان نہیں ہوتے بلکہ انہیں دنوں میں مکمل کیا جاتا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مقررہ مدت سے پہلے منصوبوں کی تکمیل اب ایک ملک گیر سٹینڈرڈ بن چکی ہے۔وزیر اطلاعات نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت کہا کہ اگر پاکستان کا کوئی بھی دوسرا صوبہ کسی منصوبے میں پنجاب حکومت کی رہنمائی یا مدد حاصل کرنا چاہتا ہے تو ہمارے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ہمارا مقصد پورے ملک کی ترقی اور خدمت ہے۔
