
کراچی( ٹی این آئی) کراچی میں منشیات فروشی کے کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو پرٹوکول دینے کے معاملے میں پولیس افسران کو معطل کردیا گیا۔ ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال، آئی او سعید احمد اور ایس آئی یو انسپکٹر ظفر اقبال کو معطل کردیا گیا ہے۔ مذکورہ واقعے کی انکوائری سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی کے سپرد کردی گئی ہے۔ کراچی میں منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کی عدالت میں شاہانہ انداز میں پیشی کے معاملے پر کراچی پولیس چیف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ساؤتھ زون کے افسران کو طلب کیا تھا۔


ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی پولیس چیف نے واضح کیا کہ تفتیش میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی ساؤتھ، ایس ایس پی سٹی اور متعلقہ انویسٹی گیشن افسران کو طلب کیا گیا ہے۔
ملزمہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری
کراچی میں گارڈن کے علاقے سے کوکین اور منشیات کی بڑی سپلائر انمول عرف پنکی کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور پستول برآمد کی گئی تھی۔ گارڈن کے علاقے میں پولیس اور سول حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کیا تھا۔ ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور مواد برآمد کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ منشیات کی ڈیلنگ اور سپلائی کے ایک منظم اور وسیع نیٹ ورک کو چلا رہی تھی اور اس کے خریداروں میں طلبا سمیت بااثر شخصیات بھی شامل ہیں۔
