انٹرنیشنلاہم خبریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دو روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے

ویب ڈیسک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دو  روزہ سرکاری  دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق بیجنگ پہنچنے پر چینی نائب صدر  ہان ژینگ نے امریکی صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چین میں امریکی سفیر، امریکا میں چینی سفیر  اور چین کے ایگزیکٹو نائب وزیرخارجہ ما ژاؤشو  بھی موجود تھے۔امریکی صدر کے استقبال کے لیے تقریباً 300 چینی نوجوان بھی موجود تھے، جنہوں نے ہاتھوں میں امریکی اور چینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

ٹرمپ کے ساتھ ان کے سرکاری جہاز میں آنے والوں میں ان کے بیٹے ایرک ٹرمپ،  ان کی بہو لارا ٹرمپ اور  ایلون مسک بھی شامل تھے۔چینی میڈیا کے مطابق اپنے دورے میں امریکی صدر چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔

بیجنگ  روانگی سے قبل میڈیا سےگفتگو  میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ  چینی صدر شی جن پنگ سے ایران جنگ  پر تفصیلی بات چیت ہوگی، وہ چینی صدر سے ملاقات میں چین کو امریکی منڈیوں کے لیے کھولنے کا کہیں گے۔

نجی نیوز چینل سے گفتگو میں چیئرمین پاک چائنہ انسٹیٹیوٹ  مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی چین میں چار تفیصلی ملاقاتیں ہیں، چینی اور  امریکی صدر کی ملاقات بڑی اہمیت کی حامل ہے، ملاقات میں ٹھوس اور پختہ فیصلے کیے جائیں گے، امریکا ٹیرف کا معاملہ ملاقات میں رکھ سکتا ہے، چین کی بنیادی سوچ اقتصادی ہے، چین کے پاس بھی بڑے کارڈز ہیں، چین بھی چاہتا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہو۔

مشاہد حسین سیدکا کہنا تھا کہ امریکی صدر ایران جنگ سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، چین اور پاکستان یہی بات کر رہے ہیں کہ سیز فائر نہیں جنگ ختم ہو، امید ہے ایران امریکا جنگ سے متعلق دورہ چین کے بعد مثبت پیشرفت ہوگی، امریکا جنگوں میں پھنسا ہوا ہے، امریکا کے اقتصادی حالات ٹھیک نہیں، امریکا اور چین دونوں کے مشترکہ مفادات زیادہ ہیں، دورہ چین اہم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button