
لاہور(ٹی این آئی)فیصل آبادمیں سالڈویسٹ مینجمنٹ کےکنٹریکٹرکی جانب سےمبینہ مالی بےضابطگیوں کاانکشاف ہوا ہے۔نجی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ایف ڈبلیوایم سی کے 12 افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق ڈیجیٹل ریکارڈ میں ردوبدل اور فراڈکی تحقیقات شروع کردیں، قومی خزانے کو ایک ارب روپےکا نقصان پہنچایاگیا۔
دستاویزات کے مطابق 2317 کوڑے کنٹینرز ظاہر کیےگئے مگر فیلڈ میں صرف 1717 موجود نکلے، گھوسٹ سینٹری ورکرز کی جعلی حاضریوں سے سرکاری خزانےکو نقصان پہنچایا گیا۔دستاویزات کے مطابق مہنگے منی ڈمپرز کی جگہ سستے لوڈر رکشے استعمال کیے گئے، صفائی آپریشن کے دوران کے پی آئی ڈیٹا میں مبینہ ہیر پھیرکی گئی، مشینری، اسٹاف اور آپریشنل سرگرمیوں کی تعداد بڑھاچڑھاکر ظاہر کی جاتی رہی۔
دستاویزات میں بتایاگیاکہ ڈیجیٹل پورٹل میں تبدیلی کرکے اضافی ادائیگیاں وصول کی گئیں، شہری اور دیہی علاقوں کے صفائی کنٹریکٹ میں سنگین بےضابطگیاں ہوئیں۔
