اہم خبریںپاکستان

وزیراعلی پنجاب نے گلی،محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں کو 50ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی

مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک ا جلاس،عید الاضحی پر صفائی کے فول پروف انتظامات کا پلان تیار

لاہور(ٹی این آئی) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے گلی،محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں کو 50ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی-ممنوع مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کیلئے ویجلینس سکواڈ قائم کردیاگیا-وزیراعلی مریم نواز شریف نے عوام کو ممنوعہ مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے سے روکنے کی جامع ابلاغ عامہ مہم کی ہدایت کی-وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت ویڈیو لنک ا جلاس میں عید الاضحی پر صفائی کے فول پروف انتظامات کاپلان تیارکیاگیا-

وزیراعلی مریم نوازشریف نے ہر شہر میں ڈرین،کینال اور دیگر مقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی کی ہدایت کی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی-عید الاضحی پر ریلوے کالونیز، کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی صفائی کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی-پنجاب بھر میں نمایاں 2687کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے کاحکم دیا ہے-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ

عیدالاضحی پر صفائی کے لئے ون گورنمنٹ یونٹ بن کر کام کرنا ہے -اعلی صفائی پر انعام اور ستائش اور شکایات پر سزا اور جزا کاعمل ہوگا -صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے بریفنگ دی-بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ چاندرات کے آخری پہر،کمرشل مارکیٹوں، مرکزی شاہراہوں اورچوراہوں کی صفائی کی جائے گی-عیدالاضحی پر باقیات اورآلائشیں ڈالنے کے لئے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ مہیا کئے جائیں گے-ستھرا پنجاب عملہ ڈور ٹو ڈور کولیکشن کرے گا-میونسپل کارپوریشن اور تحصیلوں میں 15،15تک اورہر یوسی میں 4 تک اضافی لوڈررکشے مہیا کئے جائیں گے-

وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر نمازعید اجتماعات اور مساجد میں عرق گلاب سپرے کیاجائے گا-ستھرا پنجاب کی ٹیمیں عید سے پہلے،یوم عیدالاضحی اورعید کے تیسرے روز تک متحرک ہوں گی-ستھراپنجاب کی ٹیمیں صفائی سے متعلق عوامی آگاہی پیدا کرنے کے لئے رکشوں پر منادی کریں گی- صوبہ بھر میں عید صفائی آپریشن میں 176000سینٹری ورکر اور8ہزار سے زائد عارضی کارکن حصہ لیں گے-جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کے لئے 3800پرائمری کولیکشن سنٹر قائم کر دئیے گئے-3100ڈمپنگ سائٹس مقررکر دی گئیں -صوبہ بھر میں باقیات اورآلائشوں کو تلف کرنے کے لئے7ہزار ڈمپنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے-ڈرین کی صفائی کے لئے ڈی واٹرمشینیں،جیٹر سیٹ اور سیک شن یونٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی-

ستھرا پنجاب عیدآپریشن کے لئے صوبہ بھر میں 4500خصوصی کیمپ قائم کئے جائیں گے-اجتماعی قربانی کیلئے1200قربان گاہوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات ہوں گے-عیدالاضحی ستھرا پنجاب آپریشن کے دوران صوبہ بھر میں 40ہزار سے زائداضافی وہیکل استعمال ہوں گی-عید الاضحی ستھرا پنجاب آپریشن کے لئے لوڈر رکشہ،منی ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالی اورپک اپ ہائر کی جائیں گی-چاند رات سے قبل قبرستانوں کی خصوصی صفائی بھی کی جائے گی-

پنجاب بھر میں 285کیٹل مارکیٹوں اور171سیل پوائنٹس پر ستھرا پنجاب کی ٹیمیں صفائی کے لئے تعینات ہوں گی-ستھرا پنجاب کے ہیلپ لائن نمبر1139پر کال کرنے کی سہولت موجو دہے-متعلقہ ڈپٹی کمشنر،ایم ڈی واسا اورمیونسپل کارپوریشن کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے-صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے11مختلف سورس سے معلومات حاصل کرنے کانظام قائم کردیا گیا-عید کے تیسرے روزتمام کولیکشن پوائنٹس اور ڈسپوزل کلیئرکرنے کی ہدایت کی-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button