
لاہور(ٹی این آئی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تمام آفیسرز و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ عید کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات مؤثر انداز میں جاری رکھے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنا دیا گیا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز کو زائد کرائے وصول کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس منسوخ کر دیے جائیں گے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ چاند رات کے موقع پر آتش بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے حوالے سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ افسوس کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن جاری ہے اور دہشت گرد گھنونا کھیل کھیل رہے ہیں جس کی وہ بھرپور مذمت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تمام آفیسرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ شہریوں میں ایک کروڑ بیس لاکھ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر پردیسی اپنے گھروں کو جانا شروع ہو گئے ہیں،
اس لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انہیں بند کیا جائے گا۔ چاند رات کو ہلڑ بازی، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ پارکس کے جھولوں کو بھی فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازم ہوگا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جون تک ایک لاکھ ساٹھ ہزار گھر مکمل کر لیے جائیں گے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت ہے کہ ہر سال ایک لاکھ گھر تیار کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ“اپنی چھت اپنا گھر”پروگرام کے ذریعے لوگوں کی زندگیاں بدلتی ہوئی دیکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پراکسی میں صرف افغانستان ہی نہیں بلکہ دیگر عوامل بھی شامل ہیں اور پاکستان دنیا کے سامنے بھارتی و افغانی پراکسیز کو بے نقاب کر چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تیس سے زائد شہداء کے لہو کا قرض اتارا جائے گا اور قوم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے سفارتی سطح پر بھی اقدامات کیے جائیں گے کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی سب سے اہم ہے، جبکہ سیاسی اور عسکری ادارے ملک کے ایک ایک چپے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور سکیورٹی فورسز ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل چوکنا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں جبکہ پنجاب بھر میں متعدد مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں اور 17 ہزار غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کا انخلاء مکمل کیا جا چکا ہے۔بلال یاسین نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں، مساجد اور نمازِ عید کے اجتماعات کیلئے فول پروف سکیورٹی اور صفائی انتظامات کیے جا رہے ہیں، 40 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ اوور چارجنگ، اوورلوڈنگ اور بغیر فٹنس گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واسا کے 21 ہزار ملازمین عید کے دوران ڈیوٹی انجام دیں گے اور فیلڈ آفیسرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ“اپنی چھت، اپنا گھر”پروگرام عالمی سطح پر پاکستان کیلئے اعزاز بن چکا ہے اور جون 2026 تک ایک لاکھ ساٹھ ہزار خاندانوں کو قرضوں کی منظوری دی جائے گی۔
٭٭٭٭