
لاہور (ٹی این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پاکستان کی فلم انڈسٹری کی بحالی اور ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فلم سٹی کے قیام اور فلم فنڈز کا اجراء اس عزم کا واضح ثبوت ہے، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجابی فلم ”مکھو” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف فلم ہدایتکار سنگیتا، سینئر اداکار غلام محی الدین، معمر رانا، میرا جی، راحیلہ آغا، پرویز کلیم، شہزاد رفیق، صفدر ملک، سعود بٹ اور دیگر نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں
۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت فلم سٹی میں فلم سازوں اور فنکاروں کو تمام جدید سہولیات فراہم کرے گی تاکہ مقامی فلم انڈسٹری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فلم فنڈز کے اجراء کے بعد نئی فلموں کی تیاری اور ریلیز کا عمل مزید تیز ہوگا، جس سے فلمی صنعت کو نئی زندگی ملے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ چند روز میں پنجاب کے تمام آرٹ کونسلز میں سینما ہالز کے قیام کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا، جس سے عوام کو معیاری فلمیں دیکھنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اچھی اور معیاری فلمیں معاشرے کی مثبت عکاسی کرتی ہیں اور کسی ایک طبقے تک محدود نہیں ہونی چاہئیں۔ فلم دراصل کسی بھی قوم کے کلچر اور تہذیب کا آئینہ ہوتی ہے اور اس کے ذریعے معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم معیاری ڈرامے بنا سکتے ہیں تو بہترین فلمیں بھی بنا سکتے ہیں، ضرورت صرف اچھے موضوعات اور مضبوط سکرپٹس کی ہے
۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے پہلا اہم قدم اٹھا لیا ہے، اب فلم انڈسٹری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے معیاری اور بامقصد فلمیں تخلیق کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان فلم سازوں، لکھاریوں اور فنکاروں کو بھی آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری زندہ ہے اور ترقی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ نوجوان نسل کو دوبارہ سینما گھروں کی طرف راغب کرنے کے لیے معیاری، دلچسپ اور معاشرتی اقدار کی عکاس فلموں کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے فلم ”مکھو” کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی سینما کو مستقبل میں مزید معیاری فلمیں دیکھنے کو ملیں گی اور فلمی صنعت ترقی کی نئی منازل طے کرے۔
