
لاہور(ٹی این آئی) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے دربار ہال سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران لاہور، راولپنڈی اور ساہیوال ڈویژن کی مختلف ڈسٹرکٹ اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران میں ترقیاتی اورفلاحی فنڈز تقسیم کیے۔تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ممبران پنجاب اسمبلی سلطان حیدر علی خان، سلیم غزالی بٹ، اشرف رسول اور ملک شہباز نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ سیکرٹری قانون پنجاب آصف بلال لودھی، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن اعتزاز اسلم، پارلیمانی سیکرٹری قانون خالد محمود رانجھا، لاہور ڈویژن، ساہیوال اور پنڈی ڈویژنز بار کونسل اور بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور بارز کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں لاہور ڈویژن کے تحت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز لاہور، قصور اور ننکانہ صاحب جبکہ تحصیل بار ایسوسی ایشنز چونیاں، کوٹ رادھا کشن، پتوکی، شیخوپورہ، فیروزوالا، سانگلہ ہل اور شاہ کوٹ کو مجموعی طور پر 67 ملین روپے کے فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں۔
راولپنڈی ڈویژن کے تحت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز مری، اٹک، چکوال اور جہلم جبکہ تحصیل بار ایسوسی ایشنز گوجرخان، کہوٹہ، کلر سیداں، ٹیکسلا، کوٹلی ستیاں، فتح جنگ، حسن ابدال، جنڈ، پنڈی گھیب، چوآ سیدن شاہ، سوہاوہ اور پنڈ دادن خان کو مجموعی طور پر 49 ملین روپے کے فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں۔
اسی طرح ساہیوال ڈویژن کے تحت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن جبکہ تحصیل بار ایسوسی ایشنز چیچہ وطنی، دیپالپور، رینالہ خورد اور عارف والا کو مجموعی طور پر 51 ملین روپے کے فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں۔
رانا محمد اقبال خان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب وکلاء برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور بارز کو فنڈز کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، بار رومز کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ وکلاء برادری انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ مضبوط عدالتی نظام ہی قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارز کی ترقی سے عدالتی نظام مزید مضبوط اور مؤثر ہوگا اور انصاف تک آسان رسائی حکومت پنجاب کے ویژن کا اہم حصہ ہے
