
اسلام آباد(ٹی این آئی) پاکستان نے برطانیہ میں مقیم بعض تارکین وطن کے آزادکشمیر پر غیرذمہ دارانہ بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں غیرضروری ریمارکس مسترد کرتا ہے، ان افراد کو مشورہ ہے پاکستان اور آزادکشمیرکے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں، یہ افراد اپنے ملک کی مثبت ترقی میں کردار ادا کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ نےکہا ہےکہ پاکستان بعض برطانوی اراکین پارلیمنٹ کے غیر ضروری بیانات اور سوالات کا بھی نوٹس لیتا ہے، یہ بیانات برطانوی اراکین پارلیمنٹ کے اس مسئلےکے تاریخی پس منظر سے عدم واقفیت کے عکاس ہیں، نوآبادیاتی دور کی سوچ رکھنے والوں کو یاد دلانا ضروری ہے پاکستان خودمختار اور جمہوری ریاست ہے، پاکستان دیگرممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر یقین رکھتا ہے، پاکستان دوسروں سے بھی اسی طرز عمل کی توقع کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور آزاد کشمیر حکومتیں شہریوں کے پرامن اجتماع کا احترام کرتے ہیں، آزادی اظہار اور جمہوری عمل میں شرکت کے آئینی حقوق کو بھی مکمل طور پر تسلیم اور ان کا احترام کرتے ہیں۔ توڑپھوڑ،عوامی خدمات خصوصاً اسپتالوں کو نقصان پہنچانا کسی صورت قابل قبول نہیں، بے گناہ شہریوں یا قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کا قتل بھی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نےکہا ہےکہ پاکستان برطانوی حکومت سے مطالبہ کرتا ہےکہ کالعدم تنظیموں کی حمایت کرنے والوں کو باز رہنےکی تلقین کرے، برطانوی حکومت ایسے افراد کو جمہوری عمل، عدالتی فیصلوں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کرنے کی ہدایت دے، آزاد کشمیر اورپاکستان کے آئین، جمہوری اقدار، عدالتی فیصلوں اور قانون کی بالادستی کی ضمانت دیتے ہیں۔
