
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ نورین نیازی کا بیان ناقابل معافی ہے اور اس پر کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔لاہور میں آزاد کشمیر کی مہاجرین کی سیٹوں پر انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئےعطاء تارڑ نےکہاکہ ہجرت کرنے والوں کی سیٹیں ختم کرنے کا دم کسی میں نہیں، سیٹیں ختم کرنے کی سازش کشمیریوں کا پاکستان سے رشتہ کمزور کرنے کی سازش تھی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ نورین نیازی کے بیان پر عوام میں شدید غم وغصہ ہے، آپ کا بیان ناقابلِ معافی ہے، اس میں کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی، اپنے بھائی کی سیاست کے پیچھے انہوں نے معرکہ حق پر سوال اٹھانا شروع کردیا ہے، ایسے بیانات دیتے ہيں جو بھارتی میڈيا کی زینت بنتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ آپ کی سیاست دفن ہوچکی ہے ، آپ کی پارٹی انتشار کا شکار ہے، 25 گروپ بن چکے ہیں، خیبر پختون خوا کی حکومت خوابِ خرگوش کے مزے لے رہی ہے، نورین نیازی کے بھائی کی پارٹی ڈوب رہی ہے، اس لیے یہ پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی فیملی پاکستان مخالف بیانات کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، معرکہ حق سے متعلق نورین نیازی کا بیان قابلِ مذمت اور افسوس ناک ہے۔
انہوں نےکہا کہ نورین نیازی کا بیان پاکستان کی سالمیت، عزت اور وقار کے منافی ہے، پوری قوم نورین نیازی کے بیان کی مذمت کرتی ہے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے بھی نورین نیازی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کا ہدف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے، نورین نیازی کے بیان سے ثابت ہوا کہ یہ پاکستان کے خلاف پراکیسز ہیں ، ان کا ہدف صرف ادارے نہیں بلکہ پاکستان ہے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نورین نیازی کا بیان پی ٹی آئی کے پاکستان مخالف عزائم کا ہی تسلسل ہے، بانی پی ٹی آئی اور ان کا خاندان پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔
