
لاہور(ٹی این آئی)اہل پنجاب کا آزاد جموں و کشمیر کے بہن بھائیو ں کے لئے محبت بھرے تحفے،پنجاب سے10 الیکٹرک بسیں اور15کلینک آن وہیل آزاد جموں و کشمیر بھیجی جائیں گی۔پنجاب کی طرف سے آزاد جموں و کشمیرکے نوجوانوں کیلئے 2ہزار سکالر شپس اور5ہزار لیپ ٹاپ بھی پنجاب کی طرف سے دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اورکشمیر کا رشتہ کبھی نہ ختم ہونے والا ہے۔پاکستان جتنا مضبوط ہوگا کشمیر بھی اتناہی مضبوط ہوگا۔میں مظفر آباد مہمان بن کر نہیں آئی،کشمیر میرا گھرہے،کشمیری میرے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر میرا گھر ہے اورکشمیر ی بہن بھائی میرا خاندان ہیں۔میرا خون بھی کشمیری ہے،دل بھی کشمیری ہے،دماغ بھی کشمیری ہے اوررو ح بھی کشمیری ہے۔2021کی الیکشن مہم میں کشمیر والوں کی محبتیں اورشفقتیں نہیں بھول سکتی۔2021کے الیکشن میں ہماری(ن)لیگ کی سیٹیں انہیں دے دی گئیں۔
وزاعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ2021میں (ن) لیگ کی حکومت بنتی تو کشمیر کو ان مسائل کا کبھی سامنا نہ کرنا پڑتا۔میرا اورنوازشریف کا کشمیر سے بہت گہرا رشتہ ہے۔اگست 2019میں کشمیر آنا چاہتی تھی تو کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف کے سامنے گرفتار کرلیاگیا۔نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھمانے والے دوست نہیں ہوسکتے۔ہم نوجوانوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ اورکتاب دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کا موسم ہے،ہرجماعت دعوے اورگلے شکوے کررہی ہے۔کچھ لوگ شکوے شکائتیں اورالزام تراشی کررہے ہیں،میں پوچھتی ہوں آپ کس پر الزام لگارہے ہیں حکومت تو آپ کی ہے یہاں پر۔آزاد جموں و کشمیرمیں آج کوئی قابل ذکرپراجیکٹ نہیں۔وزاعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے تمام پراجیکٹ پاکستان مسلم لیگ(ن) اورمحمد نوازشریف نے شروع کرائے۔ہم اقتدار میں آنے کے بعد آرام سے نہیں بیٹھتے بلکہ محنت کرتے ہیں اوروعدے پورے کرتے ہیں۔نوازشریف جووعدہ کرتا ہے پورا کرتا ہے،نوازشریف کی بیٹی بھی جو وعد ہ کرے گی پورا کرے گی۔میں صرف باتیں کرنے نہیں آئی بلکہ پنجاب میں دو سالہ کارکردگی لے کر سامنے آئی ہوں۔ہم ووٹ مانگنے نہیں آئے لیکن اگر آپ نے (ن) کو منتخب کیا تو آزاد جموں و کشمیر کی قسمت بدل جائے گی۔وزاعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ جہاں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نہیں و ہاں حالات اورہوتے ہیں۔
جہاں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوتی ہے وہاں کچھ اور۔نوازشریف صاحب کے ساتھ آتے ہوئے میں نے مری کی حدود گزرنے کے بعد بہت برا حال دیکھا۔مری سے آتے ہوئے جہاں پنجاب کی حدود ختم ہوتی ہے وہاں صفائی،ترقی اورٹرانسپورٹ ختم ہوجاتی ہے۔وزاعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب اوردوسرے علاقوں میں فرق سمجھیں گے تو فیصلہ کرنا آسان ہوگا۔پنجاب کے سارے 40بڑے شہر دیکھ لیں،چپے چپے پر ترقی نظر آتی ہے۔نوازشریف آف ایمیننس میں وہ سہولتیں دے رہے ہیں جو بڑے سکولوں میں نہیں ملتی۔اچھی تعلیم امیر کا ہی حق نہیں بلکہ غریب کا بھی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک بچوں کو اچھی تعلیم مفت نہ ملے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ صرف لاہور،ملتان نہیں 40شہروں میں الیکٹروبس چل رہی ہے۔الیکٹروبس میں ماؤں،بہنوں،طلبہ اوربزرگوں کیلئے سفر فری ہے۔آج جب کشمیر کی بیٹی بن کر گھر آئی تو خالی ہاتھ نہیں آسکتی تھی،10الیکٹروبسوں کا تحفہ لے کر آئی ہوں۔
وزاعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مظفر آباد کے لوگ بھی اب 20روپے میں بہترین الیکٹروبس میں سفر کرسکیں گے۔15کلینک آن وہیلز دے رہے ہیں،اب ہسپتال نہیں جانا پڑے گا بلکہ ہسپتال خود چل کر گھر آئے گا۔اپنی چھت اپناگھر میں پنجاب میں دو لاکھ گھر بن چکے ہیں۔اپنی چھت اپنا گھر آزاد کشمیر میں بھی لانا چاہتے ہیں۔جن کے پاس گھر بنانے کیلئے پلاٹ نہیں ان کے لئے اپنی زمین اپنا گھر کے تحت 5مرلے کے پلاٹ دیئے گئے ہیں۔وزاعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ وسائل نہ رکھنے والے لوگو ں کیلئے چھتوں اور دیواروں کی مرمت کیلئے اپنی چھت،محفوظ چھت پراجیکٹ شروع کیا ہے۔پنجاب میں بے زمین کاشتکاروں کو 20سال کیلئے پانچ،پانچ ایکڑ زمین دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے کھیت اگا سکیں۔ستھرا پنجاب کی طرح،ستھر ا کشمیر اورستھرا مظفر آباد بھی ہونا چاہیے۔
پنجاب میں 40ہزار کلو میٹر سڑکیں بنی ہیں۔آزاد جموں وکشمیر کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک سڑکیں بنیں گی۔لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا سرکاری کینسر ہسپتال بن رہا ہے۔جہاں کشمیر اورگلگت کے لو گ بھی علاج کراسکیں گے۔وزاعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ چاہتی ہوں کہ آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کوعلاج کرانے کیلئے باہرنہ جانا پڑے۔پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں وزیر تعلیم کا بیٹا بھی سرکاری سکو ل میں پڑھتا ہے۔اعلی تعلیم کیلئے سکالرشپ اوربچوں کو سفر کیلئے الیکٹرو بائیکس دے رہی ہوں۔آزاد جموں و کشمیر کے نوجوان ڈگری لیکرنوکری کیلئے پھرتے ہیں۔ نوجوانوں کیلئے سکلز ڈویلپمنٹ ایجوکیشن شروع کی گئی ہے۔کاروبار کیلئے آسان قرضے بھی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آسان کاروبار کے تحت 136ار ب روپے کے قرضے دیئے گئے۔وزیراعظم سے درخواست ہے کہ یہاں بھی شروع کیا جائے۔پنجاب کی طرح سپیشل لوگوں کیلئے ہمت کارڈ ہونا چاہیے
آزادجموں و کشمیر میں پینے کے پانی کا مسئلہ ہے،پنجاب کی طرح یہاں بھی بوٹلنگ واٹر شروع کیا جانا چاہیے۔مریم کو بتائیں ہیلپ لائن کے ذریعے وہیل چیئر،آلہ سماعت اوردیگر ضرورت 24گھنٹے میں پوری کی جاتی ہے۔رحمت کارڈ کے ذریعے بیوگان اوریتیم بچوں کو ایک لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں۔کینسر،بلڈ پریشر اورذیابیطس کے 7لاکھ مریضوں کو گھر کے دروازے پر ادویات دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت ہزاروں بچیوں کی شادیاں کرائی گئی ہیں۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی وجہ سے پنجاب میں کرائم نہ ہونے کے برابر ہے۔اب کسی بیٹی کو سکول و کالج جاتے ہوئے ہراسانی کاسامنا نہیں کرنا پڑتا۔بہترین گرین بس گھر کے دروازے پر سفر کے لئے میسر ہے۔جن کے اپنے صوبے کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، وہ آزاد کشمیر کی سڑکیں کیا بنائیں گے۔
جہاں سارے وسائل کرپشن کی نظر ہورہے ہیں، وہ آزاد کشمیر کے لوگوں کا حق کیسے دیں گے۔آزاد جموں وکشمیر میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کاجو بھی وزیراعظم ہو،اصل وزیر اعظم نوازشریف ہی ہوں گے۔خدمت کے ریکارڈ قائم کریں گے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کامنشور یہی ہے کہ جو ترقی پنجاب میں ہورہی ہے وہی آزاد جموں و کشمیر میں ہونی چاہیے۔ویڈیومیں دیکھا ایک بابا جی نوازشریف کو ملنے کے شوق میں کل شام سے یہاں آکر کرسی پربیٹھ گئے تھے۔آزاد جموں وکشمیر میں مریم نوازشریف نہیں بلکہ ان کی بیٹی آئی ہے۔
