
مون سون کی پہلی بارش،نالہ ایک میں طغیانی، گاؤں ڈھلم بلگن کے قریب پشتے مضبوط نہ ہونے کے باعث بندھ ٹوٹنے کا خدشہ
عوام سراپا احتجاج وزیر اعلٰی پنجاب اور ڈپٹی کمشنر، کمشنر گوجرانوالہ سے انکوائری کا مطالبہ
سمبڑیال(ٹی این آئی)مون سون کی پہلی بارش،نالہ ایک میں طغیانی، گاؤں ڈھلم بلگن کے قریب پشتے مضبوط نہ ہونے کے باعث بندھ ٹوٹنے کا خدشہ، ہزاروں ایکڑز فصیلیں اور دیہات تباہی کے دہانے پر،؟اہلِ علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت متحرک،نالہ ایک کوٹلی مرلاں گھوینکی سے بیگوالہ وائیں تک پشتوں اور نالہ کی کھدائی، چوڑائی کے لئے قومی خزانے کے محکمہ آبپاشی سیالکوٹ کو ملنے والے 29 کروڑ کہاں گئے،
حلقہ پی پی 52سمبڑیال کی ایم پی اے حنا ارشد وڑائچ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے حلقہ کی عوام کے لئے برساتی پانی اورنالہ ایک کے سیلابی پانی سے بچاو کے لئے نالہ ایک کی صفائی کے لئے 29کروڑ کے فنڈز فراہم کئے جس پر محکمہ ایریگیشن کا عملہ کام کر رہا ہے انہوں نے کہا اگر اس فنڈز میں کرپشن یا پھر کوئی کوتاہی کی گئی تو ذمہ دار آفیسر کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی۔
تاہم اس حوالے سے موقف لینے کے لئے ایگزیکٹیو انجینئرنثار گورائیہ سے فون پر رابطہ کیا مگر انہوں نے موقف دینے سے انکار کردیا۔دریں اثنا سمبڑیال علاقہ مکینوں نے محکمہ ایریگیشن کے عملہ کے خلاف وزیر اعلٰی پنجاب اور ڈپٹی کمشنر، کمشنر گوجرانوالہ سے انکوائری کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
