ایچ ای سی نے انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ پروگرام کے تحت224 پی ایچ ڈی اسکالرز کی درخواستیں منظور کر لیں
اسلام آباد ( ٹی این آئی) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ پروگرام کے تحت224 پی ایچ ڈی اسکالرز کی درخواستیں گرانٹس کے لیے منظور کر دی ہیں۔ اسی طرح ایچ ای سی کی جانب سے پارشل سپورٹ فار پی ایچ ڈی اسٹڈیز ابروڈ اسکیم کے تحت سات پی ایچ ڈی اسکالرز کے لیے گرانٹس کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی ہے۔ منگل کو ایچ ای سی کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ایچ ای سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر فتح مری کی صدارت میں ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔
انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ انشی ایٹیو پروگرام کے تحت ایچ ای سی کُل وقتی پی ایچ ڈی اسکالرز کو چھ ماہ پرمشتمل بیرون ملک ریسرچ فیلوشپ کی پیشکش کرتا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد اُن پی ایچ ڈی اسکالرز کی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے اور پاکستانی و غیر ملکی جامعات میں روابط کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے پی ایچ ڈی اسکالرزکو بیرون ملک کا تجربہ دلوایا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے تحقیقی معیار میں بہتری لا سکیں۔ پروگرام کا مقصد اعلٰی معیار کی افرادی قوت پیداکرنا ہے جو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔
اس پروگرام کے ذریعے اسکالرز کومعروف غیر ملکی جامعات کی ترقی یافتہ تحقیقی لیبارٹریوں میں کام کرنے اور تربیت کے حصولکا کا موقع فراہم کیا جاتا ہے ۔ اسی طرح پارشل سپورٹ فار پی ایچ ڈی اسٹڈیز بروڈ کا مقصد پی ایچ ڈی کے آخری مراحل میں پڑھنے والے اسکالرز کو 10,000امریکی ڈالرز تک کی مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اس جزوی مدد سے اپنی ٹیوشن فیس،یا تھیسز فیس کی ادائیگی کر سکیں یا رہائشی اخراجات پورے کرسکیں۔