
اسلام آباد(ٹی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حکومتی مذاکرات کی دعوت پر رد عمل جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں غیر ضروری بیانات اور فوٹو سیشن میں کوئی دلچسپی نہیں اور اگر مذاکرات کرنے ہیں تو حکومت سنجیدہ اور مخلصانہ رویہ اختیار کرے۔
تفصیلات کے مطابق یہ پیشرفت پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کی سپیکر اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کے بعد سامنے آئی ، بیرسٹر گوہر نے اس پیشرفت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے لیےسنجیدہ کوششیں اور عملی اقدامات ضروری ہیں ،مذاکرات کس سے کس بات پر کرنے ہیں کب کرنے ہیں کسی کو معلوم ہی نہیں، مذاکرات کے حوالے سے زبانی کلامی یا غیر ضروری بیانات سے وقت ضائع ہوتا ہے۔
ایاز صادق اور عامر ڈوگر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے ۔ ملاقات میں حکومتی نمائندوں کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی باضابطہ دعوت دی گئی اور کہا گیا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں آپ کی تجویز کردہ جگہ پر مذاکرات ہو سکتے ہیں ۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مذاکرات ہی سیاسی مسائل کا واحد حل ہیں، مذاکرات کے حوالے سے بال پی ٹی آئی کے کورٹ میں ہے، وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر کو مذاکرات کی دعوت کا ابھی تک جواب نہیں آیا، توقع ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات کی دعوت کو سنجیدہ لے گی۔
