اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف رحمان ملک کی درخواست خارج
اسلام آباد (ٹی این آئی)سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی درخواست خارج کر دی ۔ بدھ کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کیے۔عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف رحمان ملک کی درخواست خارج کر دی۔
عدالت عظمیٰ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا معاملہ جسٹس فار پیس کو بھیجنے کا فیصلہ برقرار رکھا ، دور ان سماعت ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللّٰہ نیازی عدالت میں پیش ہوئے ۔ جسٹس قاضی امین نے سر کاری وکیل سے استفسار کیاکہ آپ عوام کا چہرہ ہیں کھل کر بولیں کس کا ڈر ہے آپ کو؟ ۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہاکہ میں تو کہتا ہوں کہ مقدمہ درج ہونا چاہیے۔وکیل رحمن ملک لطیف کھوسہ نے کہاکہ سنتھیا 2010 میں پاکستان آئی اور اب اسکا ویزہ بھی ختم ہو چکا ہے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ ہم اس معاملے میں نہیں جانا چاہتے۔
جسٹس قاضی امین نے کہاکہ ابھی ہائیکورٹ نے اس پر ایف آئی آر دینے کا حکم نہیں دیا۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ ہم یہ کہہ کر درخواست نمٹا دیتے ہیں کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے دباؤ میں آئے بغیر میرٹ پر کیس سنا جائے۔