
اسلام آباد(ٹی این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش کو اچھا قدم قرار دے دیا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اچھا بات ہے کہ مذاکرات ہوں تاکہ سیاسی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ اسی طرح ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالا جاسکتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش آرہی ہے، اچھی بات ہے اگر وزیراعظم صاحب مذاکرات کے لیے اقدامات کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کردیا جائے گا، یہاں تک پہنچنے میں بڑا وقت لگا،امید ہے رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، یہ عوام کا مینڈیٹ ہے کہ وہ کس کو پسند اور کس کو ووٹ دیتے ہیں، ہم آئین کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اپوزیشن کو ایک بار پھر بامقصد مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ اپوزیشن پر منحصر ہے وہ کب تک میز پر آتے ہیں۔
