
ٹیکسلا میں سوشل میڈیا پرسنالٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا گیا، پولیس نے باپ اور بھائی سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد اور ہیومن انٹیلیجنس کے ذریعے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزمان نے قانون کو دھوکا دینے کے لیے قتل کے بعد ڈرامہ رچانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے شواہد اور تفتیش کی روشنی میں پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیاابتدائی تحقیقات کے مطابق شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کروایا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہناتھا کہ مقدمہ کا مدعی والد بنا اور دو ملزمان کو نامزد کیا، واقعہ میں زخمی ہونے والی مقتولہ کی بہن سے بھی پوچھ گچھ کی ، خاتون کے قتل میں اس کی فیملی کے افرادشامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مقدمہ کے مدعی نے قتل کا اعتراف کیا ہے،بہت کم ہوتا ہے کہ ملزم خود ہی مدعی بنے، مقتولہ کی سوشل میڈیا پر موجودگی کو خاندان والے پسند نہیں کرتے تھے ، مدعی کی حیثیت اب ملزم کی بن گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے ذریعے قتل کے دیگر محرکات اور تفصیلات سامنے لائی جارہی ہیں۔
