
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی توثیق کردی۔ وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی جانب سے پیش کی گئی قراردادوں کی اپوزیشن نے مخالفت کی لیکن کثرت رائے سے منظوری دیدی گئی۔
خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے تمام آئینی مراحل مکمل ہوگئے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی الگ الگ منظوری کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدارتی اقدام کی باقاعدہ توثیق کردی گئی ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آئین کے آرٹیکل دوسوبتیس کے تحت ایمرجنسی اور آئین کے آرٹیکل دوسوچونتیس کے تحت گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کے لیے قراردادیں پیش کیں جن پر پانچ گھنٹے سے زائد بحث کی گئی ۔ اپوزیشن نے قراردادوں کی مخالفت کی ۔ا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دونوں قراردادیں منظوری کے لیے الگ الگ پیش کیں جنہیں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ۔ جس کے بعد سپیکر نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔
