صحت و تعلیم
اسلام آباد، کورونا وائرس سے متاثرہ5 تعلیمی ادارے سیل کرنے کا مراسلہ جاری
اسلام آباد (ٹی این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 5 تعلیمی ادارے سیل کرنے کا مراسلہ جاری کردیا گیا ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق اسلام آباد کے 5 تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تصدیق ہوئی، جنہیں سیل کرنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا ہے،نمل یونیورسٹی میں کیسز کے متعلقہ ڈپارٹمنٹس کو بھی سیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے ماڈل اسکول جی 6 ون، تھری میں 2، جی الیون فور میں قائم نجی اسکول میں 2 اور ایچ ایٹ ون اور فور میں قائم نجی کالجز میں کورونا کے 2 ، 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔مراسلے کے مطابق آئی نائن تھری میں قائم نجی اسکول میں کورونا وائرس کے 15 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر ان تعلیمی اداروں کے احاطے کو بند کرکے انہیں ڈس انفیکٹ کیا جائے۔