اپوزیشن میں دم نہیں ، یہ عوام کے ٹھکرائے ہوئے لوگ ہیں،غلام سرور خان
اسلام آباد (ٹی این آئی)وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں دم نہیں ، یہ عوام کے ٹھکرائے ہوئے لوگ ہیں،نوازشریف اور زرداری مولانا کو استعمال کر کے این آراو لینے کے چکرمیں ہیں،روز ویلٹ ہوٹل پروہ لوگ اعتراض اٹھا رہے ہیں جنہوں نے پاکستان کا بھٹہ بٹھایا ہے۔
ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پی آئی ایاوراسٹیل ملز2000 سے پہلے منافع بخش ادارے تھے تاہم پی پی اور (ن )لیگ کے ادوار میں خسارے میں چلے گئے۔وفاقی وزیر ہوابازی نے ایک سوال کے جواب میں استفسار کیا کہ پی آئی اے کو 400 بلین کا خسارہ کس نے دیا؟ یہ تحفہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تو نہیں دیا۔پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں بڑی پارٹیوں نے پی آئی اے کا بیڑہ غرق کیا۔ انہوںنے کہاکہ 35 سالوں کا گند ایک دم توختم نہیں ہوگا، اس میں وقت لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی تعمیرنوکریں گے اور اسے دوبارہ منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے غلط کام کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور نے کہا کہ نیویارک میں واقع پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل کو فروخت نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی تزئین و آرائش کے لیے 100 ملین ڈالرز کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپوزیشن کے سارے رہنماؤں کو چلے ہوئے کارتوس قرار دیا اور کہا کہ پی ڈی ایم کا سربراہ جسے بنایا گیا ہے وہ اپنی نشست تک تو بچا نہیں سکا ہے۔وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری مولانا کو استعمال کر کے این آراو لینے کے چکرمیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تحریک میں کوئی دم نہیں ہے، یہ عوام کے ٹھکرائے ہوئے لوگ ہیں۔