اپوزیشن کا مارکیٹ میں لایا گیا منفی پراپیگنڈے اورمایوسی کا چورن نہیں بکے گا' جمشید اقبال چیمہ
لاہور(ٹی این آئی )انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا سیاست کو تقویت دینے کے لئے مارکیٹ میں لایا گیا منفی پراپیگنڈے اور مایوسی کا چورن نہیں بکے گاکیونکہ ان کے چہروں سے نقاب الٹ چکے ہیں ، معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں جس سے حکومت کی درست سمت کاتعین ہوتا ہے ، گوجرانوالہ کا جلسہ اپوزیشن کی سیاست کے تابوت میں پہلا کیل ثابت ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہارا نہوںنے اپنے دفتر میں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) صرف کرپشن کرنے اور چوری کھانے والی جماعت ہے اس لئے عوام ان کے بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاست کو بچانے کیلئے منفی پراپیگنڈے اورافواہوں کو جو دھول اڑا رہی ہے وہ واپس اس کے اپنے سر اور چہرے پر پڑ رہی ہے ۔
اپوزیشن نے اگر سیاسی طو رپر مقابلے میں رہنا ہے تو اسے اپنے ماضی سے پیچھا چھڑاناہوگا ۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کوریلیف دینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور اس کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں جس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انشااللہ مہنگائی کی شرح بھی نیچے آئے گی اور پاکستان کی معیشت دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گی ۔