اینٹی کرپشن کی چھاپہ مار ٹیموں کا رشوت خور اور بدعنوان عناصر کے گرد گھیرا تنگ ۔ گوہر نفیس
لاہور (ٹی این آئی)اینٹی کرپشن کی چھاپہ مار ٹیموں کے پےدرپے وار جاری ہیں ۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کی ہدایت پر بدعنوان عناصر کے خلاف گجرانوالہ ، اوکاڑہ اور صادق آباد میں چھاپے، گرفتاریاں اور مقدمات درج کر لئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق بیوہ خاتون کی فریاد پر بدعنوان سیکرٹری یونین کونسل کوٹ نہال سنگھ اور دو مفاد کنندگان کو جعسازی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے مدعی کے شوہر کا جعلی ڈیتھ سرٹیفکٹ بنوایا۔ ملزمان نے مدعی خاتون کو سیکرٹری یونین کونسل محمد حمزہ کی ملی بھگت سے سات ایکڑ اراضی سے محروم کرنے کی کوشش کی۔
اینٹی کرپشن اوکاڑہ کے سرکل آفیسر افضل خان نے چھاپہ مار کر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اسی طرح اینٹی کرپشن گجرانوالہ نے وزیر آباد سے پٹواری محمد فاروق کو پندرہ ہزار رشوت لینے پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ سرکل آفیسر گجرانوالہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ساتھ چھاپہ مار کر ملزم پٹواری حلقہ بھروکی چیمہ سے گرفتار کیا۔ جبکہ اینٹی کرپشن صادق آباد نے محمد شاہد نامی شخص کو جائیداد فروخت کی جعلی ایگرمنٹ تیار کرنے پر گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔