لاہور (ٹی این آئی)اینٹی کرپشن راولپنڈی نے میگا کرپشن ہاؤسنگ سوسائٹی کا سراغ لگا لیا۔بلیو ورلڈ سٹی کے مالک سعد نذیر اور چوہدری ندیم اعجاز پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اسی طرح راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جمشید آفتاب ، ڈپٹی ڈائریکٹر طاہر مئیو سمیت اس میگا سکینڈل میں سات افراد پر مقدمہ درج کیا ۔عالمی شہرت یافتہ ترکی ڈرامہ ارطغرل غازی کے مرکزی کردار آنگین التان ہاؤسنگ سوسائٹی کے برینڈ ایمبیسڈر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کنول بتول نقوی نے اس میگا کرپشن کیس پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ہاؤسنگ سوسائٹی غیر رجسٹرڈ اور غیر منظور شدہ ہے۔ بلیو ورلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی نے 1172 کنال سرکاری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ بلیو ورلڈ سوسائٹی 1137 کنال وفاقی جبکہ 35 کنال 10 مرلہ صوبائی حکومت کی زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے سوسائٹی میں شامل کر چکی ہے۔ بلیو ورلڈ سوسائٹی غیر قانونی طور پر پلاٹنگ کر کے سرکاری زمین بھی بیچ رہی ہے۔ سوسائٹی اپروول سے پہلے ہی غیر قانونی طور پر مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کرکے سادہ لوح عوام کو لوٹ رہی ہے۔سوسائٹی کے مالکان نے ضلعی انتظامیہ ، متعلقہ پٹواری اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن پنجاب بھر میں کرپٹ اور بد عنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری رکھے گی۔