کلثوم نواز آج مادر جمہوریت کے طور پر ہمیشہ کی یاد بن کر ہم میں موجود ہیں'چوہدری برجیس طاہر
شیخوپورہ(ٹی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر سابق گورنر چوہدری برجیس طاہرایم این اے نے بیگم کلثوم نواز کی دوسری برسی پر اپنے پیغام میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنت آشیانی کلثوم نواز شریف نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں مختصر لیکن انمٹ سیاسی کردار ادا کیاانہوں نے اس وقت آمر کو للکارا جب بڑے بڑے مردِ میدان گھروں اور ڈرائنگ روم تک محدود تھے۔ ان کی جمہوریت کے لئے قربانیوں اور عزم کا ثمر تھا کہ ملک میں جمہوریت واپس لوٹی۔چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ ایک خالص گھریلو، تعلیم یافتہ، ادب شناس اور خاموش گو خاتون جس عزم وہمت سے آمریت سے ٹکرائی، وہ سیاسی تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ ہے کلثوم نواز آج مادر جمہوریت کے طور پر ہمیشہ کی یاد بن کر ہم میں موجود ہیں۔محترمہ فاطمہ جناح، تحریک پاکستان کی معزز ومحترم خواتین جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو اور کلثوم نواز شریف پاکستانی سیاسی تاریخ میں باہمت اور پرعزم خواتین کا انمٹ باب ہیں۔چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ ?وہ ایک شفیق ماں، وفادار شریک حیات، غمگسار بہن، رحم دل و دین دار، اسلامی ومشرقی اقدار پر کاربند مسلمان اور پاکستانی اور باہمت سیاسی رہنما تھیں۔ یہ دکھ ہمیشہ رہے گا کہ ایک اچھے انسان کو بستر مرگ پر بھی طنز کا نشانہ بنایا گیا۔آج ان تمام لوگوں کو اللہ سے معافی مانگنی چاہئے جنہوں نے ایک اچھے انسان کو دنیا سے رخصت ہوتے ہوئے بھی دعا دینے کے بجائے طنز کا نشانہ بنایا۔کلثوم نواز شریف کا انتقال ہم سب کے لیے ایک سبق ہے کہ سیاسی اختلاف پر بنیادی انسانی و اخلاقی قدروں کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔