اہم خبریںجرم وسزا

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات:الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ افسران نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدواران کو نوٹسز بھی جاری کئے

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق کنٹونمنٹ کی حدود میں کسی قسم کے بھی ترقیاتی منصوبوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔

لاہور(ٹی این آئی)الیکشن کمیشن کے ہدایات پر کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے ریٹرننگ افسران نے ترقیاتی کام رکوانے کیلئے متعلقہ سرکاری محکموں کو احکامات جاری کر دیئے۔ لاہور میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر باسط علی اور ریٹرننگ افسران نے سرکاری محکموں کے سربراہان کو خطوط ارسال کئے اور ہدایات جاری کیں. اس سلسلے میں ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)، ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)لاہور، ڈی جی پاک پی ڈبلیو ڈی لاہور، ڈی جی نادرا لاہور، ایم ڈی واسا لاہور، سی ای او لیسکو لاہور، جی ایم سوئی ناردرن گیس لاہور، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ لاہور کو ہدایات جاری کی گئیں کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق کنٹونمنٹ کی حدود میں کسی قسم کے بھی ترقیاتی منصوبوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔لہٰذا ترقیاتی کاموں کو فوری طور پر روک دیا جائے اور نئے منصوبوں کا اعلان نہ کیا جائے۔ یہ پابندی انتخابات کے انعقاد، 17ستمبر 2021ء تک عائد رہے گی۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ افسران نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدواران کو نوٹسز بھی جاری کئے۔ والٹن کنٹونمنٹ لاہور کے امیدواران محمد حنیف اور محمد صیام چوہدری کو ریلی منعقد کرنے اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر 10، 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ والٹن کنٹونمنٹ کے ایک اور امیدوار محمد عمران خان کو31اگست کو ریلی منعقد کرنے، مجوزہ سائز سے تجاوز کروہ بینرز اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر نوٹس جاری کیا گیا۔ مذکورہ امیدوار کو ایک دن کے اندر ریٹرننگ آفیسر کے پاس تحریری وضاحت جمع کرانے کے احکامات جاری کئے .

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button