
ضمنی انتخاب حلقہ NA.133لاہورمیں تمام ووٹرز، خصوصاً خواتین،پورے اعتماد کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں: چیف الیکشن کمشنر
Editor Arshad mahmood Ghumman
لاہور (ٹی این آئی)الیکشن کمشنر آف پاکستان، سکندر سلطان نے آج دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، لاہور کا دورہ کیااور ایم این اے پرویز ملک کی وفات کے باعث خالی ہونیوالی قومی اسمبلی نشست حلقہ این اے 133 لاہور میں ضمنی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، سعید گل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار نے چیف الیکشن کمشنر کو قومی اسمبلی حلقہ این اے 133لاہورمیں منعقد ہونیوالے ضمنی انتخاب کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیاکہ شیڈول کے مطابق امیدواران کے کاغذات نامزدگی 21اکتوبر سے 25اکتوبر تک وصول کئے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30اکتوبر تک کی جائیگی۔کا غذات نامزدگی کو منظوریا رد کرنے پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل3نومبر تک دائر کی جاسکے گی۔ اپیلوں پر فیصلے 9نومبر تک کئے جائیں گے۔ 11نومبر تک امیدواران کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 12نومبر کوامیدواران کی انتخابی نشانات والی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ جبکہ مذکورہ انتخابی حلقے میں 5دسمبر بروز اتوار پولنگ ڈے ہوگا۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے حلقہ این اے 133 کے عوام کیلئے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تمام ووٹرز، خصوصاً خواتین،پورے اعتماد کے ساتھ اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں اور ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اپناکردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ووٹرز کی سہولت اور آسانی کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اتوار کا روز پولنگ ڈے کے طور پر مقرر کیا ہے اور سیکیورٹی کی بھی فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ لہٰذہ تمام حلقے کے عوام بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنز پر آئیں۔مزید برآں چیف ا لیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو ہدایت دی کہ وہ چیف سیکریٹری پنجاب سے ضمنی انتخاب کے انعقاد، انتظامی امور اور سیکیورٹی کے حوالے سے ملاقات کریں۔
چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو ہدایت دی کہ انتخابی عمل میں شامل تمام عملے کو یہ واضح پیغام دے دیا جائے کے فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی بیرونی اثر و رسوخ کو ملحوظ خاطر لایا گیا تو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائیگا اور الیکشن کمیشن کی جانب سے سخت سے سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انتخابات کے انعقاد و انتظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
