ملک بھر میں تمام تر خدشات کے باوجود الحمدللہ ماہِ محرم الحرام اور دیگر ایام بخریت تکمیل پذیر ہوئے، لیاقت بلوچ
لاہور (ٹی این آئی) نائب امیر جماعت اسلامی، ملی یک جہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کراچی میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کی اے پی سی اور علما و مشائخ کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ ملک بھر میں تمام تر خدشات کے باوجود الحمدللہ ماہِ محرم الحرام اور دیگر ایام بخریت تکمیل پذیر ہوئے۔ اہل سنت و تشیع علما و قائدین اور عوام نے حب دین اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان دنوں دل آزار تقاریر، کلام اور سوشل میڈیا مہم نے تمام طبقات کو پریشان کیا ہے۔ یہ عناصر غیر ذمہ دار، عالمی استعماری ایجنڈا کے انجانے یا جان بوجھ کر آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ تمام مسالک کی قیادت ایسے شرپسندوں اور غیر ذمہ دار دل آزاری پھیلانے والوں کا محاسبہ کریں، اپنی صفوں سے نکال باہر کریں، انھیں خود عبرت بنا دیں اور حکومت ایسے لوگوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ دینی جماعتوں کے لیے بڑا چیلنج ہے کہ حکمران عالمی دباؤ پر سجدہ ریزی کی وجہ سے اسلامی، نظریاتی، تعلیمی، تہذیبی اور اقتصادی سرنڈر کر رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں ملک و ملت کو درپیش حقیقی بحرانوں سے نجات دلانے کے ایجنڈا پر نہیں۔ دینی جماعتیں ملک کا بڑا پریشر گروپ ہیں لیکن فرقہ بازی، مسالک کے اندر تقسیم در تقسیم نے بے وقعت کر دیا ہے۔ بحرانوں کے اس دور میں بزدلی اور خاموش تماشائی بننے کی بجائے دینی قیادت اپنا رہبر کردار ادا کرے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان سرکار نے نعرہ ریاست ِ مدینہ کا لگایا، لیکن عملاً ملک میں قادیانیت، بدتہذیبی، سیکولرازم، کرپٹ مافیا، فرقہ واریت کی سرپرستی کو فروغ دیا ہے۔ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں ربڑسٹمپ بنا دی گئی ہیں، تمام دینی قیادت ملک و ملت کی رہنمائی کے لیے کمربستہ ہو جائے۔ غربت، مہنگائی، بے روزگاری نے پسے ہوئے طبقے کو زندگی اور ایمان فروخت کرنے پر مجبور کر دیا ہے#/s#